حیدرآباد میں 4 دسمبر کو سپر اسٹار الو ارجن کی فلم ’پشپا 2‘ کے پریمیئر کے دوران سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ مچنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک خاتون جاں بحق اور ان کے دو بیٹے شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں کی حالت تاحال تشویشناک بتائی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، تلنگانہ پولیس نے بھگدڑ کے کیس میں اداکار الو ارجن کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے آج صبح الو ارجن کے گھر چھاپہ مارا اور سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ انہیں اپنی تحویل میں لے لیا۔
الو ارجن، ان کی سکیورٹی ٹیم، اور تھیٹر انتظامیہ کے خلاف قتل و تشدد کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو الو ارجن کی تھیٹر آمد کی اطلاع نہیں دی گئی تھی، جس کے باعث مناسب حفاظتی انتظامات نہیں کیے جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق، بڑی تعداد میں مداحوں کی موجودگی اور سکیورٹی کی کمی کے سبب یہ حادثہ پیش آیا۔ بھارتی میڈیا نے گرفتاری کے وقت کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
یہ واقعہ شائقین اور فلم انڈسٹری کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔