قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کردی گئی ہے۔ بیسمنٹ کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور اب فلورز پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے علی الصبح قذافی اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا اور پراجیکٹ کے مختلف پہلوؤں کا معائنہ کیا۔
محسن نقوی نے تعمیراتی کاموں کا معیار اور رفتار کا جائزہ لیا، بیسمنٹ اور فلورز کے جاری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے انکلوژرز میں جاری تعمیراتی کاموں کو بھی دیکھا۔ اس موقع پر چئیرمین پی سی بی نے پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام حکام کو ہدایت دی کہ تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے حوالے سے حکام کو خصوصی ہدایات دیں، تاکہ اسے مقررہ وقت میں مکمل کیا جا سکے۔ محسن نقوی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ "پراجیکٹ کو ہر قیمت پر ڈیڈلائن تک مکمل کرنا ہے” اور مزید کہا کہ "آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل پراجیکٹ کو مکمل کرنے کے لیے پوری ٹیم کو دن رات کام کرنا ہوگا۔”
دورے کے دوران ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے منصوبے پر جاری کاموں اور پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ، انفراسٹرکچر کے حکام، ایف ڈبلیو او اور نیسپاک کے عہدیداران بھی موجود تھے، جو منصوبے کی تکمیل کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔