انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ بھارت کے بغیر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ممکن نہیں ہے۔ اگر بھارت پاکستان نہیں جاتا تو متبادل آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔
ملتان میں برطانوی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے چیئرمین رچرڈ تھامپسن اور سی ای او رچرڈ گولڈ نے کہا کہ کرکٹ کو براڈکاسٹنگ حقوق کا تحفظ کرنا چاہیے۔ اگر بھارت پاکستان نہیں آیا تو ہائبرڈ ماڈل کے امکانات بڑھ سکتے ہیں، جبکہ بھارت کے پاکستان آنے یا نہ آنے کا حتمی فیصلہ بھارتی حکومت پر منحصر ہے۔
رچرڈ تھامپسن نے کہا ہے کہ بھارت کا چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہ کرنا کرکٹ کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق سیکرٹری جے شاہ، جو اب آئی سی سی کے سربراہ ہیں، اس معاملے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ چند روز میں آئی سی سی کی میٹنگز ہونے والی ہیں، جہاں مختلف آپشنز پر غور کیا جائے گا۔
تھامپسن نے مزید کہا کہ بھارت اور پاکستان کے میچز کے دوران سکیورٹی کے خدشات موجود ہوتے ہیں، اور دونوں ٹیموں کے نہ کھیلنے سے براڈکاسٹنگ رائٹس پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ اس صورت حال میں کئی آپشن دستیاب ہیں جن کا تحفظ کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک اہم لمحہ ہے اور امید ہے کہ پاکستان میں پورے ایونٹ کو دیکھا جا سکے گا۔ یہ معاملہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ہے، اور انہیں امید ہے کہ دونوں ممالک کسی حل تک پہنچیں گے۔