وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ 26 نومبر کو احتجاج کے دوران لاپتہ ہونے والے 200 افراد میں سے کئی واپس آ گئے ہیں اور اب لاپتہ افراد کی تعداد صرف 54 رہ گئی ہے۔
اڈیالہ جیل میں کمرہ عدالت کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ "ہمارے 200 افراد میں سے 146 مختلف مقدمات میں جیلوں میں ہیں، اور اب صرف 54 افراد کی تلاش باقی ہے۔”
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک کے حوالے سے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے مشاورت کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء اور زخمیوں کے حوالے سے صوبائی سطح پر انکوائری کی جا رہی ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کے بارے میں سوچنا ضروری ہے اور امید ظاہر کی کہ سیاسی جماعتیں اس مسئلے کا حل نکالنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کریں گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ آفیشلز کے ساتھ ملاقاتوں میں اس مسئلے پر بات کرتے رہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 21 دسمبر تک دونوں طرف سے مثبت پیشرفت کی توقع ہے۔