پی سی بی کی بیک ڈور ملاقاتوں کا سلسلہ، چیمپئینز ٹرافی پر پیشرفت
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے بیک ڈور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق، جمعہ کو ملتوی ہونے والی آئی سی سی میٹنگ آج رات یا کل متوقع ہے، جس میں ایونٹ کے مقام اور شیڈول پر معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھنے کی توقع ہے۔
چئیرمین پی سی بی، محسن نقوی نے اماراتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ مبشر عثمانی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں چیمپئینز ٹرافی کے انعقاد سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور یو اے ای میں کرکٹ کے فروغ کے لیے مزید اقدامات پر بھی گفتگو کی، جس میں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر پیش رفت کا ذکر کیا گیا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان چیمپئینز ٹرافی کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور یہاں کرکٹ کے شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے۔ سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کرکٹ کے شائقین چیمپئینز ٹرافی کے بڑے مقابلوں کے لیے بے تاب ہیں، اور تمام ممالک کو اسٹیٹ گیسٹ پروٹوکول اور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹورنامنٹ کا پاکستان میں انعقاد ایک اعزاز کی بات ہے، تاہم کھیل میں سیاست سے گریز کرنا چاہیے۔
اس موقع پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر، سمیر احمد اور ایڈوائزر، سلمان نصیر بھی موجود تھے۔