سپورٹس کے معروف بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے حوالے سے چند اہم انکشافات کیے ہیں۔
جیونیوز کے پروگرام "آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے وکرانت گپتا نے کہا کہ یہ لڑائی میڈیا کے ذریعے لڑی جا رہی تھی اور اگر کوئی یہ سمجھ رہا ہے کہ بھارت کو آج ہی منع کیا گیا ہے، تو وہ غلط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی اسٹیج پر ایسا نہیں لگتا تھا کہ بھارتی ٹیم پاکستان جائے گی کیونکہ یہ فیصلہ بی سی سی آئی کے ہاتھ میں نہیں تھا بلکہ بھارتی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا تھا۔
بھارتی صحافی نے مزید کہا کہ آئی سی سی کے تمام ٹورنامنٹس میں، جس ملک میں ٹورنامنٹ ہوتا ہے، وہاں تمام ٹیمیں شرکت کرتی ہیں، مگر بھارت اور پاکستان کے حالات تھوڑے مختلف ہیں۔ وکرانت گپتا کے مطابق ایسا نہیں ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارت کے نہ آنے کی خبر آفیشلی طور پر آج دی گئی ہو۔
بھارتی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں آئے گی اور میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کے لیے تیار ہے۔
اس دوران، سابق پاکستانی کرکٹر راشد لطیف نے کہا کہ اگر بھارت پاکستان میں سکیورٹی کا بہانہ بناتا ہے، تو ان کے پاس اس کے حق میں ٹھوس دلائل نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ پاکستان آ کر کھیلنے آ رہے ہیں تو بھارت کو بھی مضبوط گراؤنڈ فراہم کرنا ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے تحریری طور پر کوئی پیغام نہیں ملا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے نہ آنے کا کوئی تحریری پیغام ملتا ہے تو وہ حکومت کے پاس جائیں گے، تاہم پاکستان اپنی تیاریاں چیمپئنز ٹرافی کے لیے جاری رکھے گا۔