لاہور: قتل کے مقدمے میں مطلوب 2 اشتہاری ملزمان متحدہ عرب امارات سے گرفتار
پنجاب پولیس کی جانب سے بیرون ملک فرار ہونے والے مجرموں کی گرفتاری کا عمل جاری ہے۔ اس سلسلے میں قتل کے مقدمے میں مطلوب دو خطرناک اشتہاری ملزمان علی رضا اور محمد نادر کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
گرفتار ملزمان کو لاہور ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں پنجاب پولیس کے حوالے کیا گیا۔ ان پر 2023 میں سرگودھا اور ڈی جی خان میں قتل کے مقدمات درج کیے گئے تھے۔ ملزم محمد نادر کے خلاف تھانہ کوٹ مبارک، ڈی جی خان جبکہ علی رضا کے خلاف تھانہ بھگتا والا سرگودھا میں قتل کا مقدمہ درج تھا۔
بتایا گیا ہے کہ دونوں ملزمان قتل کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئے تھے، جس پر پنجاب پولیس نے انٹرپول کے ذریعے ان کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیے تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
پنجاب پولیس کی بیرون ملک اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں تاکہ انصاف کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔