25 نومبر، 2024
بالی وڈ کے عظیم اداکار امیتابھ بچن نے حال ہی میں اپنے بیٹے، ابھیشیک بچن کی نئی فلم "آئی وانٹ ٹو ٹاک” کی زبردست تعریف کی۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے ابھیشیک اور ایشوریا رائے بچن کے درمیان طلاق کی افواہوں پر ایک فلسفیانہ اور دلنشین جواب دیا۔
امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ "کچھ فلمیں آپ کو محظوظ کرتی ہیں، اور کچھ آپ کو خود فلم کا حصہ بنا دیتی ہیں۔ ‘آئی وانٹ ٹو ٹاک’ آپ کو اسکرین پر لے جا کر زندگی کے جذبات کو قریب سے دیکھنے کا موقع دیتی ہے۔” انہوں نے ابھیشیک کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا، "ابھیشیک اس فلم میں ابھیشیک نہیں، بلکہ ارجن سین ہیں۔”
اپنے بلاگ میں امیتابھ بچن نے اپنے والد ہری ونش رائے بچن کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے افواہوں کا جواب دیا: "کہنے دو انہیں جو کہنا ہے، ہمارا تو کہنا یہ ہے…” انہوں نے مزید کہا، "اچھے نے اچھا اور برے نے برا جانا مجھے، جس کی جتنی ضرورت تھی، اس نے اتنا ہی پہچانا مجھے۔”
امیتابھ نے اس فلسفیانہ انداز میں کہا کہ لوگوں کے خیالات اکثر ان کی اپنی ضروریات کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے ان باتوں کو "زندگی کی ابدی حقیقت” قرار دیا۔
یہ فلم ارجن سین کی متاثر کن کہانی پر مبنی ہے، جنہیں چند دنوں کی زندگی دی گئی تھی، لیکن انہوں نے ہمت نہ ہارتے ہوئے امید اور عزم کے ساتھ لڑائی لڑی۔
شوجیت سرکار کی ہدایت کاری میں بنائی گئی اس فلم میں ابھیشیک بچن کے ساتھ اہلیہ بامرو اور جیانت کرپلانی نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔ فلم 22 نومبر کو ریلیز ہوئی اور شائقین کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل کر رہی ہے۔