بالی ووڈ کے معروف اداکار آر مادھون اور نیل نیتن مکیش کی نئی فلم "حساب برابر” کا ورلڈ پریمیئر 26 نومبر 2024 کو 55ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (IFFI) میں ہوگا۔ جیو اسٹوڈیوز اور ایس پی سینیکورپ کی پیشکش، یہ فلم ایک عام ریلوے ٹکٹ چیکر رادھے موہن شرما (آر مادھون) کی کہانی پر مبنی ہے، جو اپنی بینک اکاؤنٹ میں معمولی سی بے ضابطگی کو پکڑتا ہے، جس کے نتیجے میں ایک بڑے مالیاتی فراڈ کا انکشاف ہوتا ہے۔
نیل نیتن مکیش فلم میں مکی مہتا نامی بینکر کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو اس فراڈ میں ملوث ہوتا ہے۔ جیسے جیسے رادھے کو اس دھوکہ دہی کے نظام کا سامنا ہوتا ہے، اسے اپنی ذاتی زندگی کے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
کرتی کلہاری بھی فلم میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، اور اس فلم میں انصاف، ایمانداری اور حق و باطل کے موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے آر مادھون نے کہا، "حساب برابر صرف کرپشن کے خلاف جنگ نہیں ہے بلکہ یہ ذاتی کمزوریوں سے نبرد آزما ہونے کا سفر بھی ہے۔” فلم کے ڈائریکٹر اشونی دھیر نے کہا، "یہ ایک سنسنی خیز فلم ہے جو عام آدمی کی جنگ کو اجاگر کرتی ہے اور ناظرین کو تفریح کے ساتھ ایک پیغام بھی دیتی ہے۔”