نئی دہلی: بھارت کے شہر نئی دہلی میں پانچویں ییلو اسٹون انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلم ‘وکھری’ نے بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ جیتا۔ فلم کی ہدایتکارہ ارم پروین بلال نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور انسٹاگرام پر اپنی ٹیم اور کاسٹ کا شکریہ ادا کیا۔
فیسٹیول کے بانی توشار تیاگی نے بھی ‘وکھری’ کی اسکریننگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم ہمارے فیسٹیول کی اختتامی رات کی خصوصی پیشکش تھی۔ ‘وکھری’ پہلے بھی SXSW، کلیولینڈ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول، اور ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کی جا چکی ہے۔
فلم کی کہانی ایک استاد کی زندگی پر مبنی ہے جو سوشل میڈیا پر انفلوئنسر بننے کے بعد مختلف چیلنجز کا سامنا کرتی ہے۔ یہ کہانی سوشل میڈیا انفلوئنسر قندیل بلوچ کی زندگی سے متاثر ہو کر تخلیق کی گئی ہے۔
ارم پروین بلال کے مطابق، فلم سوشل میڈیا کے اثرات اور اس کی حقیقتوں کو اجاگر کرتی ہے، اور دکھاتی ہے کہ کس طرح سوشل میڈیا پر بے چہرہ تبصرے اور کلکس اجتماعی غصے کو بڑھاتے ہیں۔