مشہور پاکستانی اداکار، پروڈیوسر، اور ٹی وی میزبان فہد مصطفیٰ کو حال ہی میں برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے دو اہم ایوارڈز سے نوازا گیا ہے، اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔
فہد مصطفیٰ کو ہاؤس آف کامنز سے ’ڈائیورسٹی اینڈ کلچرل امپیکٹ ایوارڈ‘ اور ہاؤس آف لارڈز سے ’گلوبل کلچرل یونٹی ایوارڈ‘ دیا گیا۔
اپنے انسٹاگرام پر ان خوشی کے لمحات کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے فہد مصطفیٰ نے لکھا کہ ’یہ ایوارڈ صرف میری نہیں بلکہ پاکستان کے ہر فنکار اور خواب دیکھنے والے کی کامیابی کی علامت ہے، جو بڑے خواب دیکھنے کی ہمت رکھتے ہیں اور انہیں حقیقت میں بدلنے کے لیے ہر ممکن حد تک جانے کو تیار ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ایک فخر سے بھرپور پاکستانی کی حیثیت سے یہ اعزاز حاصل کرنا ان کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ ہاؤس آف کامنز میں کھڑے ہو کر، انہیں ہمیشہ پاکستان کے عوام کی بےپناہ طاقت، خوبصورتی، اور صلاحیت کا احساس ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو بھی برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ سے نوازا گیا تھا۔