سابق بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی سابقہ اہلیہ ثانیہ مرزا کو دبئی نے اپنا اسپورٹس ایمبیسڈر (کھیلوں کی سفیر) مقرر کر لیا ہے۔
دبئی اسپورٹس کونسل کی جانب سے ثانیہ مرزا کو اس بات کا اعزاز بدھ کے روز دیا گیا۔ 2005 میں قائم ہونے والی دبئی اسپورٹس کونسل متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت دبئی میں کھیلوں کے شعبے کی ترقی کے لیے کام کرنے والا سرکاری ادارہ ہے۔ یہ کونسل دبئی کے 7 مقامی اسپورٹس کلبوں کی نگرانی کرتی ہے اور خاص طور پر خواتین اور بچوں میں جسمانی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں فعال ہے۔
37 سالہ سابق ٹینس اسٹار نے انسٹاگرام پر اس کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ "دبئی کی اسپورٹس ایمبیسڈر بننے پر فخر اور شکرگزار ہوں”۔
دبئی میں منعقدہ اس تقریب میں کھیلوں کی اہم شخصیات بھی موجود تھیں جن میں یو ایف سی چیمپئن خبیب اور سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ شامل تھے۔
ثانیہ مرزا کو اس کامیابی پر سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی جانب سے مبارکباد دی گئی۔
یاد رہے کہ ثانیہ مرزا نے گزشتہ سال آسٹریلین اوپن 2023 میں اپنا آخری میچ کھیل کر ٹینس سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔