اسلام آباد:
خاندان کے ساتھ حج کرنے والوں کے لیے حکومت نے بڑی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، حج کرنے والے افراد کے لیے ایک اہم اقدام اٹھایا گیا ہے تاکہ ایک ہی خاندان کے تمام افراد کو حجاز مقدس میں یکجا رہائش فراہم کی جا سکے۔ اس اقدام کے تحت، خاندان کے تمام افراد دوران حج ایک ہی ہوٹل یا مقام پر رہائش اختیار کر سکیں گے۔
وزارتِ مذہبی امور کے ذرائع نے بتایا کہ خاندان کے تمام افراد کو ایک ہی مقام پر رہائش فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ، ریاض الجنۃ میں نفل عبادات کے دوران بھی اہلِ خانہ ایک ساتھ ہوں گے۔
حکومت کی جانب سے اس سہولت کو فراہم کرنے کے بعد، بینکوں کو ایک ہی خاندان کے تمام عازمین حج کی درخواستیں اکٹھی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔ وزارتِ مذہبی امور نے بینکوں کو اس سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ایک ہی خاندان کے تمام افراد کو ایک جگہ رہائش کی سہولت دی جائے۔ ماضی میں مختلف رہائش گاہوں اور عبادات کے شیڈول کی وجہ سے عازمین حج کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ وفاقی وزیرِ مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے ڈائریکٹر حج کو ہدایت کی ہے کہ عازمین حج کو پہلے سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں۔