چین میں ایک نوجوان کی ناک سے 20 برس بعد پھنسے ہوئے پانسے کو نکال لیا گیا، جو مسلسل چھینکوں اور بہتی ناک کا شکار تھا۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق، شمالی چین کے صوبے شانشی سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ شیاؤما ایک ماہ سے چھینکوں، ناک بند ہونے اور مسلسل ناک بہنے کی تکلیف میں مبتلا تھے۔ روایتی چینی ادویات سے علاج کرنے میں ناکامی کے بعد، شیاؤما نے طبی مدد کے لیے شیان گاؤشن اسپتال کا رخ کیا۔
اسپتال کے میڈیکل ریکارڈز کے مطابق، شیاؤما میں الرجک رہائنٹس کی تشخیص کی گئی اور یہ بھی بتایا گیا کہ ان کی ناک میں کچھ چیز پھنسی ہوئی ہے۔ بعد ازاں، یینگ رونگ کی جانب سے کی جانے والی اینڈو اسکوپی میں پتا چلا کہ شیاؤما کی ناک میں ایک پانسہ پھنسا ہوا تھا۔
یینگ نے بتایا کہ اینڈو اسکوپی کے دوران دیکھا گیا کہ ناک میں ایک سفید رنگ کی شے پھنس گئی ہے۔ اس شے کو نکالنے کے بعد معلوم ہوا کہ یہ دو سینٹی میٹر کا ایک پانسہ تھا جو ناک کے اندرونی حصے کی بیرونی پرت کو نقصان پہنچا رہا تھا۔
شیاؤما نے اس واقعے کے بارے میں بتایا کہ ممکنہ طور پر جب وہ تین یا چار سال کے تھے، اس وقت یہ پانسہ حادثاتی طور پر ان کی ناک میں چلا گیا تھا، مگر یہ بات واضح نہیں کہ وہ پانسہ ناک کے اس حصے تک کیسے پہنچا۔