بالی وڈ اداکارہ اننیا پانڈے نے اپنی شادی سے متعلق خواہش کا اظہار کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اننیا پانڈے ان دنوں اپنی نیٹ فلکس پر آنے والی فلم ‘سی ٹی آر ایل’ کی پروموشن میں مصروف ہیں جس کیلئے وہ مختلف پروگرامز میں شرکت کررہی ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیا جہاں میزبان کی جانب سے اننیا پانڈے سے بالی وڈ کی ‘ڈریم’ شادی کے حوالے سے پوچھا گیا۔
اس کے جواب میں اننیا نے کہا کہ انہیں عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی بالکنی میں ہونے والی شادی بہت پسند آئی، مجھے لگتا ہے کہ بعض اوقات لوگ ‘یہ لوکیشن، وہ لوکیشن’ پر توجہ مرکوز کرتے ہیں لیکن عالیہ اور رنبیر نے شادی کیلئے بالکنی کی لوکیشن کو منتخب کیا جو ان کیلئے بہت خاص تھی۔
اپنی شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ وہ بھی کچھ ایسی ہی چھوٹی شادی چاہتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب میں چھوٹی تھی تو میں ایک بڑی شادی چاہتی تھی اور میں شادی کی7 تقریبات کرنا چاہتی تھی لیکن اب میں چاہتی ہوں کہ صرف میرے خاص لوگ میرے ساتھ ہوں اور میں اپنی شادی میں بہت ڈانس اور مزہ کرنا چاہتی ہوں۔
واضح رہے کہ اداکارہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی 14 اپریل 2022 کو گھر میں ہوئی تھی، انہوں نے شادی گھر کی بالکنی میں کی اور یہ جگہ دونوں کیلئے بہت خاص تھی جس حوالے سے جوڑے نے سوشل میڈیا پر بھی بتایا تھا۔