لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سے الگ ہونے کے بعد کوچنگ سے بھی علیحدگی اختیار کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق، محمد یوسف نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کوچ کے طور پر کام کر رہے تھے، اور اس کے علاوہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ ستمبر کے آخر میں محمد یوسف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا، اور اس حوالے سے انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بتایا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر اس ذمہ داری سے دستبردار ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو ایک بار پھر مختلف ذمہ داریوں کے لیے منتخب کیا ہے۔ وہاب ریاض کو چیمپئنز ایونٹس کے معاملات دیکھنے کی ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔ وہاب ریاض پہلے بھی قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینیئر منیجر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔