آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری تنازعہ ابھی تک حل نہیں ہو سکا، اور معاملہ ڈیڈ لاک کا شکار ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو اپنا مؤقف واضح طور پر پیش کیا ہے۔
پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کے تنازعے کا دیرپا حل پیش کرتے ہوئے پارٹنرشپ فارمولہ تجویز کیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے کے ملک میں کرکٹ ایونٹس نہ کھیلیں گے۔ اس فارمولے کا اطلاق چیمپئنز ٹرافی پر ہوگا اور تین سال تک جاری رہے گا۔ اس کے مطابق، بھارت دبئی میں میچز کھیلے گا، اور پاکستان بھی اگلے تین سال تک اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا۔
تاہم، پی سی بی کو ابھی تک بھارتی کرکٹ بورڈ یا آئی سی سی سے اس فارمولے پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق، بھارتی کرکٹ بورڈ پی سی بی کے فارمولے پر ردعمل دینے سے پہلے اپنی حکومت سے مشاورت کر رہا ہے۔
پاکستانی فارمولے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے غیر واضح ردعمل سامنے آیا ہے، جس سے بی سی سی آئی کی پریشانی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ دوسری طرف، بھارتی میڈیا میں پاکستانی فارمولے کو مسترد کرنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔
یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی اس بار پاکستان کے پاس ہے، مگر بھارت نے اپنے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کے بعد پی سی بی نے کسی بھی ہابرڈ ماڈل کو مسترد کر دیا تھا۔