لاہور میں اسموگ کی صورتحال بدترین ہونے کے خدشے کے پیش نظر محکمہ ماحولیات نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
موسمیاتی ادارے کی پیش گوئی کے مطابق، چھ سے آٹھ نومبر تک اسموگ میں ہوش ربا اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ اس وقت لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 438 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو انتہائی تشویشناک ہے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق، شہر میں اس وقت ہوا کی رفتار 4 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور مشرق سے مغرب کی جانب چل رہی ہے۔ فضا میں کیمیائی مادوں کی تعداد عالمی ادارہ صحت کے مقرر کردہ معیار سے 58.9 گنا زیادہ ہے۔
امریکی ایئر انڈیکس کی پیش گوئی کے مطابق، لاہور میں 6 سے 8 نومبر تک آلودگی کا انڈیکس 600 سے 700 تک پہنچ سکتا ہے۔ بھارت سے آنے والی آلودہ ہوائیں لاہور اور ملحقہ علاقوں پر اثرانداز ہو رہی ہیں۔
صوبائی وزیر برائے ماحولیات، مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور فضائی آلودگی کے حوالے سے ایک بار پھر سب سے اوپر ہے اور آئندہ تین دن تک تیز ہوائیں اس کی شدت میں اضافہ کر سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں غیر معیاری بھٹوں کو گرانے کا عمل جاری ہے، جبکہ سڑکوں، راستوں اور بازاروں میں پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے شہریوں کو تنبیہ کی ہے کہ وہ آئندہ تین دن بہت زیادہ احتیاط کریں اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے حکومتی اقدامات کی پیروی کریں۔