آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور قذافی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پر کام تیزی سے جاری
لاہور (8 نومبر 2024): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا دورہ کیا اور اس کی تکمیل کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس منصوبے کے تحت سٹیڈیم میں جدید سہولتوں کی فراہمی پر کام جاری ہے، جس میں 100 سے زائد گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے بیسمنٹ کی تکمیل شامل ہے۔ انکلوژرز میں نئی نشستوں کے لیے سٹرکچر کا کام بھی شروع ہو چکا ہے۔
محسن نقوی نے سٹیڈیم کی مین بلڈنگ اور انکلوژرز میں ہونے والے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا، اور فلورز میں جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ کمروں میں ٹائلز کی تنصیب کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے اس بات پر زور دیا کہ خندق کے گرد گرل کی تنصیب کرتے وقت شائقین کرکٹ کے میچ دیکھنے کے ویو کو متاثر نہ ہونے دیا جائے۔
محسن نقوی نے انکلوژرز میں نئی نشستوں کی تعمیر کے لیے بنائے جانے والے سٹرکچر کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں کی تیز رفتار پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ "انشاء اللہ یہ پراجیکٹ مقررہ وقت پر مکمل ہو گا، اور ہماری ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے۔”
چئیرمین پی سی بی نے پراجیکٹ کے حوالے سے ایف ڈبلیو او کے حکام کو مزید ہدایات دیں، جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف ڈبلیو او نے انہیں منصوبے کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایڈوائزر عامر میر، بلال افضل، چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، ڈائریکٹرز انفراسٹرکچر، ڈومیسٹک کرکٹ، نیسپاک اور ایف ڈبلیو او کے دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے تاکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران شائقین کرکٹ کو عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔