وزیراعظم شہبازشریف نے قوم سے باران رحمت کے لیے نماز استسقا ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ علمائے کرام اور مشائخ عظام کو نماز استسقا کے اہتمام میں کردار ادا کرنا چاہیے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بارش سے ماحول میں بہتری آئے گی اور بیماریوں سے نجات میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں تمام مساجد میں نماز استسقا کا اہتمام کریں، کیونکہ موجودہ صورتحال میں باران رحمت کی شدید ضرورت ہے۔
اس سے قبل، پنجاب میں محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مختلف مساجد میں باران رحمت کے لیے نماز استسقا ادا کی گئی۔ سیکرٹری اوقاف نے اعلان کیا کہ کل نماز جمعہ کے بعد بھی صوبے بھر کی جامع مساجد میں نماز استسقا ادا کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پورا خطہ شدید متاثر ہو رہا ہے، جس کے پیش نظر بارش کی ضرورت اور اہمیت بڑھ گئی ہے۔