گجرات میں کالج میں سینیئرز کے مذاق نے نوجوان طالب علم کی جان لے لی
بھارتی ریاست گجرات کے ایک میڈیکل کالج میں سینیئر طلبہ کا نئے طالب علم سے مذاق ایک نوجوان کی موت کا سبب بن گیا۔ رپورٹس کے مطابق 18 سالہ فرسٹ ایئر طالب علم انیل کو سینیئرز نے ریگنگ کے طور پر تین گھنٹے تک کھڑا رکھا، جس کے باعث اس کی طبیعت خراب ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق، انیل کو اس قدر دیر تک کھڑا رکھنے سے اس کی صحت پر گہرا اثر پڑا، جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال پہنچنے کے بعد انیل نے بتایا کہ اسے تقریباً تین گھنٹے تک کھڑا رکھا گیا تھا، جس کی وجہ سے اس کی حالت نازک ہوگئی تھی۔ تاہم، اسپتال پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد انیل کا انتقال ہوگیا۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور 15 افراد کو اس سلسلے میں نامزد کیا ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا گیا ہے تاکہ طالب علم کی موت کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ سینیئر طلبہ کے غیر اخلاقی سلوک کا نتیجہ ہے اور اس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔