قذافی سٹیڈیم اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر کام تیز، 60 فیصد منصوبہ مکمل
قذافی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ میں کام کی رفتار تیز ہو گئی ہے، اور مجموعی طور پر منصوبہ 60 فیصد تک مکمل ہو چکا ہے۔ فلورز کے کام کا آخری مرحلہ جاری ہے، جب کہ نئی نشستوں کے سٹرکچر کی تعمیر بھی شروع ہو چکی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا اور پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے مین بلڈنگ اور انکلوژرز میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور نئی لائٹس کی تنصیب کا جائزہ بھی لیا۔
چیئرمین پی سی بی نے تعمیراتی کاموں میں اعلی معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے قبل اس پراجیکٹ کو ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے منصوبے پر خود نگرانی کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم محنت سے کام کر رہی ہے اور پراجیکٹ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
اس موقع پر ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے منصوبے کی موجودہ پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی، جبکہ ایڈوائزر عامر میر، بلال افضل، چیف آپریٹنگ آفیسر سید سمیر احمد، ڈائریکٹرز انفراسٹرکچر، ڈومیسٹک کرکٹ، نیسپاک اور ایف ڈبلیو او کے حکام بھی موجود تھے۔