نوجوت سنگھ سدھو کی اہلیہ، نوجوت کور، نے حال ہی میں اسٹیج 4 کینسر کو شکست دینے کا انکشاف کیا۔ نوجوت سنگھ سدھو نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹروں نے ان کی اہلیہ کو اسٹیج 4 کینسر کی تشخیص دی تھی، جو ہڈیوں تک پھیل چکا تھا، اور ان کے بچنے کے امکانات صرف 5 فیصد تھے۔ تاہم، ان کی بیٹی نے ایک غذائی پلان ترتیب دیا، جس کی بدولت نوجوت کور نے محض 40 دنوں میں کینسر کو شکست دی۔
نوجوت سنگھ سدھو نے اس ڈائیٹ پلان کی تفصیل شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اہلیہ شام 6 بجے کے بعد کوئی کھانا نہیں کھاتی تھیں۔ اگلے دن کا آغاز نیم گرم پانی میں لیموں، کچی ہلدی، اور سیب کے سرکے سے ہوتا تھا، پھر آدھے گھنٹے بعد نیم کے پتے اور تلسی کا استعمال کرتی تھیں۔ اس کے بعد وہ چائے کی بجائے دار چینی، کالی مرچ، لونگ، اور چھوٹی الائچی میں ہلکا سا گڑ ڈال کر پیتی تھیں، اور میوہ جات، بلیو بیریز، یا انار بھی استعمال کرتی تھیں۔ سبزیوں کے جوس میں چقندر، گاجر، اور آملے کا استعمال کیا جاتا تھا، اور رات کے کھانے میں بادام کے آٹے کی روٹی، سبزی، اور سلاد شامل تھی۔ کھانا ہمیشہ کھوپرے، زیتون، یا بادام کے تیل میں تیار کیا جاتا تھا۔
نوجوت سنگھ سدھو نے اس تجربے سے حاصل ہونے والے مثبت نتائج کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ طرزِ زندگی میں تبدیلی کے ذریعے کینسر کو شکست دی جا سکتی ہے۔