واشنگٹن: امریکا میں طاقتور برفانی طوفان، 7 ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ
امریکا میں ایک بڑے موسم سرما کے طوفان کے باعث سات ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق، 30 سے زائد ریاستوں میں 60 ملین سے زیادہ افراد اس شدید برفانی طوفان سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
یہ طوفان گزشتہ 10 برسوں کا سب سے طاقتور طوفان ثابت ہو سکتا ہے، جس میں کچھ علاقوں میں 40 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے یخ بستہ ہوائیں چلنے اور 15 انچ تک برف پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
برفانی طوفان کی وجہ سے کنساس، میسوری، کینٹکی، ورجینیا، ویسٹ ورجینیا، آرکنساس اور نیو جرسی کے بعض حصوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا گیا ہے، جہاں شدید برف باری کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔
اس طوفان کے نتیجے میں سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے دفاتر اور تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے ہیں، ہزاروں پروازیں تاخیر کا شکار یا منسوخ ہو چکی ہیں، اور ریاست کنساس کی ہائی ویز پر ایک دن میں 50 ٹریفک حادثات ہوئے، جس میں 20 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام نے لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اس سے پہلے برطانیہ میں بھی شدید برفباری اور بارشوں سے بڑے پیمانے پر نقصان کا الرٹ جاری کیا گیا تھا، اور میٹ آفس نے ڈرائیورز کو سفر سے پہلے مکمل تیاری کی ہدایت کی ہے۔