وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے ضلع خیبر کے کوکی خیل قبیلے کے عمائدین کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی، جس میں ایم این اے اقبال آفریدی، ایم پی ایز سہیل آفریدی اور عبدالغنی آفریدی کے علاوہ کمشنر پشاور اور ڈپٹی کمشنر خیبر بھی شریک تھے۔
ملاقات میں کوکی خیل قوم کے عارضی بے گھر افراد کی اپنے علاقوں میں واپسی کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ کلیئر ہوجانے والے علاقے کے لوگوں کی واپسی کے لیے رجسٹریشن کا عمل فوراً شروع کیا جائے گا۔
باقی ماندہ افراد کی واپسی کے لیے اگلے ہفتے متعلقہ اداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے واپسی کا لائحہ عمل اور ٹائم لائن طے کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی پر جرگے نے تیراہ کی طرف بے گھر افراد کے مجوزہ مارچ کو کینسل کرنے کا اعلان کیا۔ جرگے نے 75 دنوں سے طورخم شاہراہ پر جاری دھرنا بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
جرگہ عمائدین نے بے گھر افراد کی واپسی کا لائحہ عمل طے کرنے کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور 11 اکتوبر کے مسئلے کو پُرامن طریقے سے حل کرنے پر ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ کوکی خیل کے عمائدین کے اعتماد پر شکر گزار ہیں اور ان کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ اگلے ہفتے متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے بے گھر افراد کی بحالی کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں، اور ان کی اپنے علاقوں میں باعزت واپسی ہماری اہم ترجیح ہے۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بے گھر افراد کی واپسی اور دوبارہ آبادکاری کے لیے درکار سامان کی خریداری اور دیگر ضروریات کا عمل جلد شروع کیا جائے۔