وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو دو ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم نے یہ بات وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہی، جہاں ملکی امن و امان اور معاشی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے کابینہ کو بتایا کہ رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات ہوئی، جس میں سرمایہ کاری اور قرضہ پروگرام سمیت دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران اماراتی صدر نے پاکستان کے لیے دو ارب ڈالر کے قرضے کو جنوری میں واجب الادا ہونے کے باوجود رول اوور کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملاقات میں سرمایہ کاری سمیت دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔