Vision Media Group
بین الاقوامی

”امریکی اسٹیبلشمنٹ نے ٹرمپ سے نمٹنے کی تیاری شروع کردی”

واشنگٹن: امریکی اسٹیبلشمنٹ نے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ممکنہ احکامات پر حکمت عملی تیار کرنا شروع کر دی ہے، جنہیں وہ متنازع سمجھتے ہیں۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ سال ٹرمپ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ اگر وہ صدر منتخب ہوئے تو وہ پچھلی حکومت کے ایگزیکٹو آرڈرز کو دوبارہ نافذ کریں گے اور بدمعاش بیوروکریٹس کو نکال باہر کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ قومی سلامتی اور انٹیلی جنس اداروں میں موجود بدعنوان عناصر کا صفایا کریں گے۔

امریکی وزارت دفاع، پینٹاگون کے افسران اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ اگر صدر ٹرمپ نے ملک میں فوج تعینات کرنے اور پنٹاگون سے غیرسیاسی عملے کی برطرفی کا حکم دیا تو ان کا ردعمل کیا ہوگا۔ انتخابی ریلیوں میں ٹرمپ نے یہ واضح کیا تھا کہ اگر وہ صدر بنے تو غیرقانونی تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کے لیے فوج کا استعمال کریں گے، اور بیوروکریسی میں اپنے حامیوں کو لائیں گے۔

پچھلی حکومت میں ٹرمپ کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک اے ملی سمیت سینئر فوجی قیادت سے تعلقات کشیدہ رہے تھے۔ جنرل ملے نے ٹرمپ کے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے اختیارات کو محدود کر دیا تھا، جبکہ ٹرمپ نے امریکی فوجی جرنیلوں کو کمزور اور ناکارہ قرار دیا تھا۔

سی این این سے بات کرتے ہوئے پنٹاگون کے ایک افسر نے کہا کہ ہم کسی بھی بدترین صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، تاہم فی الحال یہ واضح نہیں کہ کیا صورتحال سامنے آ سکتی ہے۔ آئین کے مطابق فوجی کسی بھی غیرقانونی حکم کو ماننے سے انکار کر سکتے ہیں، لیکن یہ دیکھنا ہوگا کہ فوجی افسران اپنے جوانوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے یا پھر استعفے دے دیں گے۔

فی الحال، ٹرمپ حکومت کے ممکنہ وزیر دفاع کا نام سامنے نہیں آیا، لیکن پنٹاگون حکام کو امید ہے کہ ٹرمپ اس بار اسٹیبلشمنٹ سے تصادم سے گریز کریں گے۔ فوجی حکام اس بات پر بھی غور کر رہے ہیں کہ اگر ٹرمپ نے اپنی پچھلی حکومت کی طرح سرکاری افسران کے تقرر اور تبادلوں میں تبدیلیاں کیں تو کون سے سویلین افسران ان تبدیلیوں کی زد میں آئیں گے۔

Related posts

امن کا نوبیل انعام جیتنے والے جاپان کے توشیوکی فلسطینیوں کے قتلِ عام پر رو پڑے کا نوبیل انعام جیتنے والے جاپان کے توشیوکی فلسطینیوں کے قتلِ عام پر رو پڑے

admin

جعلی ویڈیو کا شکار رشمیکا مندانا سائبر سیفٹی کیلئے قومی سفیر مقرر

admin

"مصر میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ: اقتصادی چیلنجز اور عوامی اثرات”

admin

Leave a Comment